بینگلور 4/ مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) ) تلنگانہ کے وناپرتھی ضلع میں پیر کی صبح ایک کار درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ حیدرآباد-بنگلور قومی شاہراہ پر کوتہ کوٹہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں 6 دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت یاسر (7 ماہ)، بشریٰ (2 سال)، ماریہ (5 سال)، عبدالرحمان (62) اور سلیمہ بی (85) کے نام سے ہوئی ہے۔زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت سمیرا (5)، حسین (10)، شفیع، قدیر النساء، حبیب، علی اور شاہجہان بیگ کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمیوں میں سے 6 کو آندھرا پردیش کے کرنول کے ایک ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایک شخص کو وناپرتھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
متاثرین کا تعلق کرناٹک کے بیلاری ضلع سے ہے یہ خاندان حیدرآباد میں ایک شادی میں شرکت کے بعد بیلاری واپس آرہا تھا۔پولیس کے مطابق حادثہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات قریب تین بجے پیش آیا، کار میں بارہ افراد سوار تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ڈرائیور پر نیند کا غلبہ آیا ہوگا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
تصادم میں کار بری طرح سے تباہ ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کار سے نعشوں کو نکالنے اور زخمیوں کو نکالنے میں ایک گھنٹے سے زائد جدوجہد کرنی پڑی۔